ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری:جڈیجہ۔اشون مشترکہ طورپرنمبرون، کوہلی کھسکے،راہل کی لمبی چھلانگ

نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری:جڈیجہ۔اشون مشترکہ طورپرنمبرون، کوہلی کھسکے،راہل کی لمبی چھلانگ

Thu, 09 Mar 2017 12:14:33    S.O. News Service

پجارااوررہانے کوبھی ملافائدہ،آل راؤنڈروں کی فہرست میں شکیب الحسن سرفہرست
دبئی، 8؍مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )روی چندرن اشون اور روندر جڈیجہ کی ہندوستانی جوڑی آج آئی سی سی کی ٹیسٹ گیند بازوں کی درجہ بندی میں مشترکہ طور پر ٹاپ پر پہنچنے والی اسپنروں کی پہلی جوڑی بنی۔ہندوستان نے کل بنگلور میں دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن آسٹریلیا کو 75رنز سے شکست دی جس کے بعد جاری رینکنگ میں جڈیجہ نے ٹاپ پر موجود اشون کی برابری کر لی۔جڈیجہ نے میچ میں 6 وکٹ حاصل کئے جس میں پہلی اننگز میں 63رنز دے کر 6 وکٹ کی کمال کی کارکردگی بھی شامل ہے۔آئی سی سی نے بیان میں کہا کہ اس کارکردگی کی بدولت ایک مقام کے فائدے سے جڈیجہ اپنے کیریئر میں پہلی بار ٹاپ رینکنگ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔پچھلی بار اپریل 2008میں دو بالر مشترکہ طور پر ٹاپ پر تھے اور پھر جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین اور سری لنکا کے مرلی دھرن نے پہلا مقام حاصل کیا تھا۔اشون نے بھی بنگلور ٹیسٹ میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے میچ میں آٹھ وکٹ حاصل کئے اور سابق قدآور اسپنر بشن سنگھ بیدی (266وکٹ)کو پیچھے چھوڑ کر 269وکٹوں کے ساتھ ہندوستان کے 5ویں سب سے زیادہ کامیاب بالر بنے۔

ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے اگرچہ میچ میں 27اور سیریز تک اب تک صرف 40رنز بنانے کے بعد بلے بازوں کی فہرست میں دوسری رینکنگ انگلینڈ کے جو روٹ کو گنوا دی ہے۔روٹ اب 848پوائنٹس کے ساتھ کوہلی سے ایک پوائنٹس آگے ہیں۔بنگلور ٹیسٹ میں 17اور 92رنز کی اننگز کھیلنے والے ہندوستانی بلے باز چتیشور پجارا 5مقام کے فائدے سے چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ اجنکیا رہانے 17اور 52رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد دو مقام کے فائدے سے 15ویں نمبر پر ہیں۔اس میچ میں مین آف دی میچ بنے لوکیش راہل 90اور 51رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد 23مقام کی طویل چھلانگ کے ساتھ 23ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔آسٹریلیا کے اسپنر ناتھن لیون میچ میں آٹھ وکٹ چٹکانے کے بعد دو مقام کے فائدے سے 16ویں نمبر پر ہیں۔آسٹریلیا کے بائیں ہاتھ کے اسپنر اسٹیو اوکیفی اور ہندوستانی فاسٹ بالر امیش یادو ایک ایک مقام کے فائدے سے کیریئر کی بہترین 28ویں اور 29ویں پوزیشن پر قابض ہیں۔

آسٹریلیا کے کپتان سٹیو سمتھ نے 77ٹیسٹ سے اپنا مقبول مقام برقرار رکھا ہے۔انہوں نے رکی پونٹنگ کو پیچھے چھوڑا جو 76میچوں تک ٹاپ پر رہے تھے،وہ اب آسٹریلیا کے بلے بازوں میں ا سٹیو وا( (94اور ڈان بریڈمین( (93کے بعد سب سے زیادہ ٹسٹ تک ٹاپ پر رہنے والے تیسرے بلے باز ہیں۔بائیں ہاتھ کے بلے باز میٹ رینش چھ مقام کے فائدے سے کیریئر کی بہترین 28ویں پوزیشن پر ہیں جبکہ شان مارش پانچ مقام کے فائدے سے 37ویں نمبر پر ہیں۔

آل راؤنڈروں کی فہرست میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن نے ہندوستان کے اشون کو پیچھے چھوڑ کر سرفہرست مقام حاصل کیا ہے۔آسٹریلیا کے خلاف موجودہ سیریز کی چار اننگز میں اشون صرف 20رنز بنا پائے ہیں۔اشون نے دسمبر 2015میں شکیب کو پیچھے چھوڑا تھا۔

دوسرے ٹیسٹ میں ہندوستان کی جیت نے یکم اپریل کی کٹ آف تاریخ تک آئی سی سی ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں اس کا مقبول مقام اور 10لاکھ ڈالر کا انعام مقرر کر دیا ہے،اب مقابلے دوسرے، تیسرے اور چوتھے مقام پر ہیں۔


Share: